پٹنہ میں ریٹائرڈ سرکاری ملازم کا قتل

تاثیر  ۸  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ8اکتوبر::راجدھانی پٹنہ میںبدمعاشوں نے ایک بار پھر قتل کی واردات کو انجام دیا ہے۔ پٹنہ سٹی کے عالم گنج تھانہ علاقے کے بجرنگ پوری علاقے میں مارننگ واک پر نکلے سکریٹریٹ کے ایک ریٹائرڈ ملازم کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ مرنے والے کی شناخت راجیو رتن گپتا کے طور پر کی گئی ہے۔ معلومات کے مطابق وہ معمول کے مطابق صبح 4 بجے مارننگ واک کے لیے نکلے تھے کہ بدمعاشوں نے اندھا دھنگ فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔بتایا جا رہا ہے کہ مجرم پہلے ہی راجیو رتن گپتا کا انتظار کر رہے تھے۔ مجرموں نے انہیں دیکھتے ہی گولیاں برسانا شروع کر دیں۔ جس میں 5 گولیاں لگنے سے موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی ۔ بعد میں اہل خانہ اور مقامی لوگ انہیں نالندہ میڈیکل کالج اسپتال لے گئے۔اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے اے ایس پی اتلیش کمار جھا نے بتایا کہ مارننگ واک کے دوران ہونے والے قتل کے مجرموں کی شناخت کی جارہی ہے۔ آج صبح مجرموں نے سکریٹریٹ کے ریٹائرڈ عملہ راجیو رتن گپتا پر کئی گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی۔ فی الحال پولیس تمام پہلووں سے تفتیش کر رہی ہے۔