بنگلہ دیش کو دو دن میں ہرا کر ٹیم انڈیا کے نام سیریز کرلیا، جیسوال مین آف دی میچ

تاثیر  ۱  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کانپور، یکم اکتوبر: بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارتی ٹیم نے شاندار فتح حاصل کی ہے۔ بھارت نے بارش سے متاثرہ کانپور ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ نہ صرف ڈرا ہونے سے بچایا بلکہ 7 وکٹوں سے شاندار فتح بھی حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے۔دوسرے ٹیسٹ میں شاندار بلے بازی کرنے والے یشسوی جیسوال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں بلے اور گیند سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے روی چندرن اشون کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس کے علاوہ ٹیم انڈیا نے کانپور ٹیسٹ جیت کر ایک عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے اور عالمی کرکٹ میں ایسا کارنامہ انجام دینے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ٹیم انڈیا گھریول سرزمین پر سب سے زیادہ مسلسل ٹیسٹ سیریز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔بھارت نے فروری 2013 سے مسلسل 18 ٹیسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ ٹیم انڈیا اپنی آخری ٹیسٹ سیریز 2012-2013 میں مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف 1-2 سے ہاری تھی۔بھارت نے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن لنچ تک دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کو 146 رنز پر آو?ٹ کر دیا۔ جس کی وجہ سے بھارت کو جیت کے لیے 95 رنز کا ہدف ملا تھا جس کو ٹیم انڈیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کو کپتان روہت شرما، جیسوال اور شبمن گل کی صورت میں تین جھٹکے لگے۔اس میچ کے تین دن بارش سے متاثر ہوئے اس کے باوجود بھارت نے چائے کے وقت سے پہلے ہی نہ صرف میچ ختم کیا بلکہ جیت بھی درج کرنے میں کامیاب رہا۔