ٹیم انڈیا کی شاندار واپسی،سرفراز کی شاندار سنچری

تاثیر  19  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بنگلورو، 19 اکتوبر ( ہ س)۔ دو دن پہلے شاید ہر کوئی سوچ رہا ہوگا کہ ہندوستانی ٹیم کو اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں ہندوستان کو صرف 46 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد 402 رن بناکر 356 رنوں کی بڑی برتری حاصل کر لی تھی ۔ تب شاید نیوزی لینڈ نے سوچا کہ فتح ان سے چند قدم کی دوری پر ہے لیکن ہندوستانی ٹیم نے ایک بار پھر ایسا کارنامہ کر دکھایا جو صرف ہندوستانی ٹیم ہی کر سکتی ہے۔ حالانکہ ہندوستانی ٹیم میچ میں ابھی پیچھے ہے لیکن ٹیم اننگز کی شکست سے بچ گئی ہے۔
ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں ایم چناسوامی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن 3 وکٹ پر 344 رن بنالئے ہیں۔ سرفراز خان شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 125 رن پر ناٹ آوٹ ہیں، ان کے ساتھ رشبھ پنت 53رنز کی نصف سنچری کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ بارش کی وجہ سے جب کھیل روکا گیا تو ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے اسکور سے صرف 12 رن پیچھے تھی۔
دوسری اننگز میں روہت اور یشسوی نے ہندوستان کو اچھی شروعات دلائی
دوسری اننگز میں کپتان روہت شرما اور نوجوان بلے باز یشسوی جیسوال نے ٹیم کو اچھی شروعات دلائی۔ دونوں نے مل کر پہلی وکٹ کے لیے 72 رن جوڑے۔ یشسوی 52 گیندوں پر 35 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان روہت نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 18ویں نصف سنچری بنائی۔ روہت اچھی بلے بازی کر رہے تھے لیکن وہ عجیب انداز میں آؤٹ ہوگئے۔ دراصل، روہت نے گیند کا اچھا دفاع کیا تھا، لیکن گیند پیچھے کی طرف چلی گئی اور اسٹمپ پر جا لگی۔ اس طرح روہت آؤٹ ہو گئے۔ روہت نے 63 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رن بنائے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد وراٹ کوہلی اور سرفراز خان نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں بلے بازوں نے تیزی سے رن بنائے۔ اس دوران سرفراز نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی نصف سنچری اسکور کی۔ پھر اس کے بعد کوہلی نے بھی ففٹی لگائی۔ اس دوران کوہلی ٹیسٹ میں نو ہزار رن مکمل کرنے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز بھی بن گئے۔ کوہلی اور سرفراز دونوں 100 سے زائد رنوں کی شراکت بنا کر بھارتی ٹیم کو پریشانی سے نکال رہے تھے لیکن تیسرے دن کے کھیل کی آخری گیند پر کوہلی گلین فلپس کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سرفراز اور پنت نے چوتھے دن ہندوستان کی واپسی کروائی ، جب سرفراز اور پنت چوتھے دن بلے کے لیے آئے تو ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز کی بنیاد پر 125 رنز سے پیچھے تھی۔ لیکن اس کے بعد انہوں نے ہاتھ کھولنا شروع کر دیئے۔ سرفراز نے اپنی سنچری 110 گیندوں میں مکمل کی۔ بین الاقوامی ٹیسٹ میں یہ ان کی پہلی سنچری تھی۔ تاہم اس کے بعد پنت نے بھی ہاتھ کھولے اور 55 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ بھارت نے 71 اوورز میں 3 وکٹوں پر 344 رن بنالئے تھے جب بارش شروع ہوئی اور امپائرز نے لنچ کا اعلان کیا۔ سرفراز 125 اور پنت 53 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ دونوں کے درمیان اب تک 132 گیندوں پر 113 رن کی شراکت ہو چکی ہے۔
نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 402 رنز بنائے، راچن رویندرا نے سنچری، ساؤتھی نے نصف سنچری اسکور کی
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 402 رن بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن رویندرا نے 134 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 157 گیندوں کا سامنا کیا اور 13 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ انہوں نے ٹم ساؤتھی کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 137 رنوں کی شراکت بھی کی جس میں ساؤتھی کی 65 رن کی شاندار نصف سنچری شامل تھی۔ ساؤتھی نے 73 گیندوں کا سامنا کیا اور 5 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ ان دونوں کے علاوہ ڈیون کونوے نے 91 رن کی شاندار نصف سنچری اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو اور رویندرا جڈیجا نے 3-3، محمد سراج نے 2، روی چندرن اشون اور جسپریت بمراہ نے 1-1 وکٹ حاصل کی
بھارت کی پہلی اننگز 46 رن تک محدود رہی، پانچ بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول سکے
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کرنے والی بھارتی ٹیم صرف 46 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ ہندوستان کی جانب سے رشبھ پنت نے سب سے زیادہ 20 رن بنائے جبکہ پانچ بلے باز کھاتہ بھی نہیں کھول پائے اور تین بلے باز تین رنز کا ہندسہ بھی نہ چھو سکے۔ رشبھ پنت کے علاوہ صرف یشسوی جیسوال (13) دوہرے ہندسے کو چھو سکے، جبکہ وراٹ کوہلی، کے ایل راہل، سرفراز خان، رویندرا جڈیجا اور روی چندرن اشون اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 5، ولیم اورورک نے 4، ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔