وزیر اعظم نے دھنتیرس پر روزگار میلے میں 51 ہزار نوجوانوں کو تقرری لیٹر سونپے

تاثیر  29  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو دھنتیرس کے موقع پر، ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلے میں 51 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو تقرری خط سونپے۔ حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ہم وطنوں کو دھنتیرس اور دیوالی کی مبارکباد دی۔ اس سال کی دیوالی کو خاص بتاتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایودھیا میں 500 سال بعد عظیم مندر میں بھگوان شری رام کی پران پرتیشٹھا کے بعد یہ پہلی دیوالی ہے۔ کئی نسلوں نے اس دیوالی کا انتظار کیا ہے، جب کہ کئی نے اس کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں یا مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ نسل کا اس طرح کی تقریبات کا مشاہدہ کرنا اور اس کا حصہ بننا انتہائی خوش قسمتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تہوار کے ماحول میں 51000 نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں میں تقرری کے خطوط دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نئے بھرتی ہونے والوں کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔