تاثیر 02 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،02نومبر:اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ پیش رفت میں اسرائیلی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے وسط میں واقع قصبے الطیرہ پر نئے راکٹ حملے میں 19 افراد زخمی ہو گئے۔اسرائیلی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ایک رہائشی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ ادھر اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان کی جانب سے 3 راکٹ اسرائیل کی طرف داغے گئے جن میں بعض کو فضائی دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کر دیا۔عرب اکثریتی قصبہ الطیرہ تل ابیب سے 25 کلو میٹر شمال مشرق میں مغربی کنارے کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے وسطی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجائے جانے کا اعلان کیا تھا۔ العربیہ کے نمائندے کے مطابق وسطی قصبے الطیرہ میں راکٹوں کے ٹکڑے گرے۔دوسری جانب عراق میں مسلح گروپوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے مقبوضہ شمالی فلسطین میں ایک اہم ہدف کو ڈرون طیاروں کے ذریعے حملے کا نشانہ بنایا۔ فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔اس حوالے سے اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس کے دفاعی نظام نے گذشتہ رات کے دوران میں 7 ڈرون طیارے مار گرائے۔