تاثیر 27 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
اندور، 27 نومبر: گجرات کے 26 سالہ وکٹ کیپر بلے باز ارول پٹیل نے بدھ کو تریپورہ کے خلاف سید مشتاق علی میچ کے دوران صرف 28 گیندوں میں سنچری بنا کر رشبھ پنت کاٹی 20فارمیٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔تریپورہ کے خلاف 156 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ارول بلے بازی کے لیے آئے اور سات چوکے اور 12 چھکے لگا کر مخالف بولنگ کو تباہ کردیا۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 322.86 تھا۔ انہوںنے اپنی ٹیم کو آٹھ وکٹوں اور 58 گیندیں باقی رہتے ہوئے میچ جتوا دیا۔ ان کے اوپننگ پارٹنر آریہ دیسائی (24 گیندوں میں 38 رنز، چار چوکے اور دو چھکے) نے بھی اہم اننگز کھیلی اور ایک اینڈ برقرار رکھا۔
اس سے قبل گجرات نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ تریپورہ کے لیے شریڈم پال نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 49 گیندوں میں 57 رنز بنائے، اس دوران انھوں نے چار چوکے اور چار چھکے لگائے۔ ان کی اننگز کی بدولت تریپورہ نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 155 رنز بنائے۔ گجرات کی جانب سے ارزن ناگواس والا نے 35 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، چنتن گاجا نے بھی تین اوورز میں 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اکشر پٹیل کو ایک وکٹ ملی۔