تاثیر 25 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 25 نومبر: سرمائی اجلاس کے پہلے دن آج اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی متاثر ہوئی۔ دونوں ایوانوں کی کارروائی بدھ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ اپوزیشن نے اڈانی رشوت ستانی اور منی پور مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے اس مسئلہ پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کی۔ ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی پہلے 12 بجے اور بعد میں پورے دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ راجیہ سبھا میں بھی ایسی ہی صورتحال رہی اور کارروائی بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔ کارروائی پہلے 11 بجکر 45 منٹ تک ملتوی کر دی گئی بعد ازاں کل پورے دن یوم آئین منایا جائے گا۔ اب لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی بدھ 27 نومبر کو شروع ہوگی۔