تاثیر 06 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں، 6 نومبر: جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تاشی ربستن نے ضلع کورٹ کمپلیکس سانبہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عدالتی احاطے میں موجود بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا اور زیر التوا ترقیاتی منصوبوں اور مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیف جسٹس کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سانبہ دیگر عدالتی افسران، ڈپٹی کمشنر سانبہ، ایس ایس پی سانبہ کے علاوہ بار ایسوسی ایشن سانبہ کے صدر اور اراکین نے پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران جسٹس تاشی ربستن نے کورٹ کمپلیکس میں جاری اور زیر التوا ترقیاتی منصوبوں کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کورٹ انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور زیر التوا منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف جسٹس نے متعلقہ ایجنسیوں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت میں کام مکمل کیا جائے تاکہ اخراجات میں اضافے سے بچا جا سکے۔