تاثیر 11 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام) 11 نومبر:-مولانا ابوالکلام آزاد چیئر کے زیراہتمام متھلا یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی جانب سے ملک کے پہلے وزیر تعلیم اور عظیم آزادی پسند بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش پر ڈاکٹر غلام سرور کی صدارت میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مولانا ابوالکلام آزاد چیئر کے زیراہتمام صدارتی خطاب میں شعبہ اردو کے ہیڈ اور مولانا ابوالکلام آزاد چیئر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام سرور (سرور کریم)نے مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت اور جدوجہد آزادی میں ان کی اہم شراکت اور ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے روشنی ڈالی۔ موضوع کا تعارف کرواتے ہوئے شعبہ کے استاد ڈاکٹر محمد مطیع الرحمان نے مولانا آزاد کی ہمہ جہت شخصیت اور ادب و صحافت کے میدان میں ان کی اہم خدمات کو یاد کیا۔ شعبہ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نسرین ثریا نے اپنے خطاب میں مولانا کی پوری زندگی اور کارناموں کو نئی نسل کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔ اسکالر ڈاکٹر محمد حسن نے صحافت کے میدان میں مولانا ابوالکلام آزاد کے قائم کردہ نمونے پر روشنی ڈالی۔ سیمینار کا آغاز آرکائیوز میں محفوظ مولانا ابوالکلام آزاد کے لیکچر سے ہوا۔ سیمینار میں پوسٹ گریجویٹ فرسٹ سمسٹر اور تھرڈ سمسٹر کے طلباء محمد شفاعت اللہ انصاری، محمد عمران، محمد عظمت اللہ، فاطمہ خاتون، نادیہ شاہین، ثناء پروین، نسیم بیگم، کہکشاں پروین، آفرین صبا، صالحہ صدیقہ، نیاز عالم، پروین، عائشہ خاتون، نغمہ توحید، رخسانہ پروین، مریم فاطمہ، صبا پروین، عائشہ ممتاز،نورالحسین، محمد نورین، نازرین فردوس، محمد مبشر رفیق، محمد ذیشان عالم وغیرہ نے مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت اور کام کے مختلف پہلوؤں پر اپنے مضامین پیش کئے۔ سیمینار میں پوسٹ گریجویٹ پہلے اور تیسرے سمسٹر کے طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔