تاثیر 04 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں، 4 نومبر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز جموں و کشمیر کی پہلی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں ووٹرز کی غیر معمولی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام جمہوری عمل میں بھرپور اعتماد رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام میں ریاستی حیثیت کی بحالی کی دیرینہ خواہش آج بھی برقرار ہے اور حکومت اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پْرعزم ہے۔
سنہا نے کہا کہ ایک دہائی کے بعد جموں و کشمیر میں انتخابات کا انعقاد ہوا، جس میں بالخصوص اْن علاقوں سے ریکارڈ ووٹ ڈالے گئے جہاں ماضی میں علیحدگی پسند جذبات کی وجہ سے انتخابات میں کم شمولیت دیکھی گئی تھی۔ یہ عوام کی جمہوری عمل میں غیر متزلزل وابستگی اور مستقبل کی تعمیر میں ان کی بھرپور شراکت کی نشانی ہے۔