تاثیر 08 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام) 8 نومبر:۔بہار میں چھٹھ ہندو مذہب کا سب سے بڑا تہوار مانا جاتا ہے، چھٹھ کا آغاز گزشتہ شام ڈوبتے سورج کی پوجا کر کے ہوا اور آج طلوع آفتاب کے ساتھ ختم ہوا، ہندو عقیدت مند غروب اور طلوع آفتاب کے دوران پانی میں کھڑے ہو کر سورج کی پوجا کرتے ہیں۔چھٹھ تہوار ملک کے الگ الگ حصوں میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ مگر اس تہوار کا تعلق اور اس کی بنیاد بہار سے ہے۔ چار دنوں تک چلنے والے اس تہوار میں چاروں دن کی الگ الگ نوعیت ہے، پہلے دن کدو چاول کھا کر اس کی شروعات کرتے ہیں، دوسرے دن کھرنا کھایا جاتا ہے، جبکہ تیسرے دن پانی میں داخل ہوکر پوجا کرنے والی خواتین ڈوبتے سورج کی پوجا کرتی ہیں اور پھر اگلی صبح سورج کی روشنی پڑتے ہی پوجا کے بعد یہ تہوار ختم ہو جاتا ہے۔صبح چار بجے سے ہی لوگ اپنے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھاٹ پر پہنچنے لگتے ہیں اور پوجا کا سامان پھل و دیگر چیزیں لے کر پانی میں کھڑی ہوکر خواتین سورج طلوع ہونے کا انتظار کر رہی تھیں، چھٹھ منانے والی خواتین مسلسل 36 گھنٹوں تک بھوکے رہنے کے بعد آج کھانا کھاییں۔اس تہوار کو منانے کے لیے لوگ بڑی تعداد میں دور دراز سے اپنے گھر پہنچتے ہیں، اس تہوار کا سال بھر لوگ بے صبری سے انتظار کرتے ہیں،تہوار کو لیکر کئی مقامات پر پولس اہلکار، صدر ایس ڈی او کی قیادت میں مستعد نظر آئی،جبکہ ضلع مجسٹریٹ راجیو روشن، ایس ایس پی نے بھی گھاٹوں پر پہنچ کر معائنہ کیا اور پرامن طریقے سے اس تہوار کو منانے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔