تاثیر 02 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،02نومبر:اسرائیلی حکام نے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر سے خفیہ معلومات افشا کرنے کے شبہے میں کئی افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ بات جمعے کے روز اسرائیلی میڈیا میں بتائی گئی۔یہ رپورٹ تحقیقات کرنے والے جج کی جانب سے اس معاملے کے متعلق میڈیا میں عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ جج کے مطابق مذکورہ افشا کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے عسکری اہداف کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ادھر نیتن یاہو کے دفتر نے ان میڈیا رپورٹوں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ حراست میں لیے جانے والوں میں وزیر اعظم کے دفتر کے ملازمین بھی شامل ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم نے اس حوالے سے میڈیا پر عائد پابندی فوری طور پر اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ “یہ پابندی صرف اس دانستہ کوشش پر پردہ ڈالنے کے کام آ رہی ہے جو وزیر اعظم کے دفتر کی ساکھ خراب کرنے کے لیے کی جا رہی ہے”۔
امریکی ویب سائٹ axios نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے انتہائی خفیہ انٹیلی جنس معلومات کے جرمن اخبار “بیلد” کو افشا ہونے کے بعد تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ ادھر اسرائیلی میڈیا نے نیتن یاہو کے قریبی افراد میں گرفتاریوں کی خبر دی ہے۔