تاثیر 26 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 26 نومبر: مغربی بنگال کے بہت زیر بحث چٹ فنڈ گھوٹالے کی تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئے، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے آج صبح کولکاتہا اور آس پاس کے علاقوں میں کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ یہ کارروائی فرضی سرمایہ کاری کمپنی ‘پریاگ’ سے متعلق مالی گھپلے کی تحقیقات کے حصے کے طور پر کی جا رہی ہے۔ ای ڈی کی چار ٹیمیں کمپنی ڈائریکٹر کے گھر اور دفاتر کی تلاشی لے رہی ہیں۔ یہ کارروائی جنوبی کولکاتا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں جاری ہے۔ یہ تفتیش سات سال پرانے معاملے سے متعلق ہے، جس میں پریاگ چٹ فنڈ کمپنی کے مالک اور اس کے بیٹے کو مالی دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ای ڈی کی ٹیمیں صبح صبح پریاگ کمپنی کے ڈائریکٹر ابھیک باغچی کے نیو علی پور گھر پہنچی اور تلاشی مہم شروع کی۔ اس کے علاوہ جوکا میں کمپنی کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ اس گروہ سے وابستہ کچھ دیگر مقامات پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔-