تاثیر 01 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، یکم نومبر: سکریٹری دفاع گردھر ارمانے جمعرات کو ریٹائر ہو گئے۔ ان کی جگہ سینئر آئی اے ایس راجیش کمار سنگھ نے جمعہ کو نئی دہلی کے ساؤتھ بلاک میں عہدہ سنبھال لیا۔ وہ کیرالہ کیڈر کے 1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ انہوں نے 20 اگست 2024 کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (سکریٹری دفاع) کاعہدہ سنبھالا۔
راجیش کمار سنگھ نے عہدہ سنبھالنے سے پہلے نئی دہلی میں نیشنل وار میموریل پر پھول چڑھا کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی خدمت میں لازوال قربانیاں دینے والے بہادر سپاہیوں کا ملک ہمیشہ مقروض رہے گا۔ بہادر فوجیوں کی غیر معمولی بہادری اور قربانی ہندوستان کو ایک محفوظ اور خوشحال ملک بنانے کے لیے ہمارے لیے طاقت اور باعث ترغیب ہے۔ اس سے قبل، راجیش کمار سنگھ 24 اپریل 2023 سے 20 اگست تک صنعت و تجارت کی وزارت کے تحت صنعت اور اندرونی تجارت کے فروغ کے شعبے کے سکریٹری کے عہدے پر فائز تھے۔ اس سے قبل انہوں نے ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری وزارت کے مویشی پروری اور ڈیری محکمہ میں سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔