الجزائر کے ساتھ دفاعی تعاون کے لیے تاریخی معاہدے پر دستخط 

تاثیر  05  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دہلی، 5 نومبر:چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انل چوہان الجزائر کے ساتھ دفاعی تعاون کے لیے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد منگل کو ہندوستان واپس لوٹ آئے۔ سی ڈی ایس نے ہندوستانی فوجی وفد کی قیادت عوامی جمہوریہ الجزائر کے چار روزہ دورے پر کی۔ یہ دورہ ہندوستان-الجزائر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک وسیع کوشش کا حصہ تھا، جس میں حالیہ برسوں میں خاص طور پر تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ سی ڈی ایس جنرل چوہان نے 31 اکتوبر سے 3 نومبر تک اپنے سرکاری دورے کے دوران الجزائر کی فوجی قیادت سے ملاقات کی۔ اس دوران جنرل انل چوہان اور ان کے ہم منصب جنرل سعید، الجزائر کی پیپلز نیشنل آرمی کے چیف آف اسٹاف نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پر دستخط کئے۔ اس معاہدے کو نہ صرف دوطرفہ فوجی تعاون میں ایک قدم آگے سمجھا جاتا ہے بلکہ یہ مختلف شعبوں میں طویل مدتی تعاون کی بنیاد بھی رکھتا ہے۔