تاثیر 09 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ارریہ(رقیہ آفرین)چھٹھ پوجا کے دوران ندی میں غرقاب ہوئی 14 سالہ لڑکی کی لاش گزشتہ روز برآمد ہوئی۔ مقامی لوگوں نے لڑکی کی لاش کو پانی سے باہر نکالا اور واقعہ کی اطلاع سمراہا پولیس کو دیں۔ اطلاع ملتے ہی سمراہا پولیس موقع پر پہنچی اور لڑکی کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال ارریہ پہنچایا۔ جہاں پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد آخری رسومات کے لیے لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ واقعہ سمراہا تھانہ علاقہ کے کووا چار چھٹھ گھاٹ کا ہے۔ متوفیہ 14 سالہ شیوانی کماری سمراہا تھانہ علاقہ کے کووا چار وارڈ نمبر 6 کے رہائشی سکندر رشی دیو کی بیٹی تھی۔ متوفیہ کے بڑے ابو اشوک رشی دیو نے واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی بھتیجی جمعہ کی صبح چھٹھ گھاٹ گئی تھی۔ جہاں وہ نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلی جانے کے بعد لاپتہ ہوگئی تھی۔ جس کے بعد مقامی غوطہ خوروں اور ایس ڈی آر ایف نے لڑکی کی پانی میں کافی تلاش کی لیکن 24 گھنٹے بعد بھی کہیں کچھ پتہ نہیں چلا۔ تاہم سنیچر کو مقامی لوگوں نے لڑکی کی لاش کو کووا چار چھٹھ گھاٹ سے ڈیڑھ کلومیٹر دور ڈیپرا گھاٹ میں دیکھا۔ بتاتے چلیں کہ چھٹھ پوجا کے دوران ہی بونسی تھانہ علاقہ کی فرکیا پنچایت کے مدھوسودن نگر وارڈ نمبر 12 کا رہنے والا نوجوان راجیش کمار ملک ولد آنجہانی رمیش ملک کی بھی جمعرات کی شام موت ہوگئی تھی۔