تاثیر 26 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ریاض،26نومبر:سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے باور کرایا ہے کہ علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متعدد شراکتوں کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انھوں نے یہ بات (جی7) ممالک کے وزرائے خارجہ کے دوسرے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بعض عرب ممالک کے وزرائے خارجہ بھی شریک تھے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ اور لبنان کی صورت حال پر بھی روشنی ڈالی۔ انھوں نے زور دیا کہ عالمی برادری اپنی ذمے داری قبول کرے اور فوری جنگ بندی، بنا پابندیوں کے امداد کی وصولی اور دو ریاستی حل کے ذریعے آزاد فلسطینی ریاست پر کام کرنے کے لیے وہ حرکت میں آئے۔سعودی وزیر خارجہ نے لبنان میں جارحیت کم کرنے اور اس کی خود مختاری کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ سوڈان میں بحران کے مستقل حل تک پہنچنے اور وہاں انسانی مصائب کے خاتمے کی اشد ضرورت ہے۔