تاثیر 06 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
گیا، 6 نومبر: بہار اسمبلی ضمنی انتخابات کو لیکر جن سوراج کے بانی پرشانت کشور مسلسل انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ بیلاگنج قانون ساز اسمبلی کے مختلف پنچایتوں اور گاوں میں ریلی کر رہے ہیں۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو آڑے ہاتھوں لیا۔
پرشانت کشور یہیں نہیں رکے، انہوں نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ سریندر یادو کو ہرانے کے لیے این ڈی اے کو ووٹ دیں گے۔ دیجئے ووٹ، لیکن یاد رکھیں جب عظیم اتحاد کی حکومت بنی تھی تو سریندر یادو کو وزیر اسی نتیش کمار نے بنایا تھا۔
پرشانت کشور نے بیلا گنج بلاک کے کورماتھو گاوں میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ تیجسوی کے 2025 میں الیکشن جیتنے کے دعوے پر پرشانت کشور نے کہا کہ مجرموں نے بیلا گنج پر 35 سال سے قبضہ کر رکھا ہے۔ مجرمانہ رجحانات کے حامل لوگ، جن کا بنیادی پیشہ جرم ہے، سیاست کر رہے ہیں اور برسوں سے بیلا گنج پر قبضہ کئے ہوئے ہیں۔
پرشانت کشور نے کہا کہ آپ لوگوں نے نتیش کمار ( جے ڈی یو) کو 117 سے گھٹا کر 40-42 کر دیا ہے ، کیا نتیش کمار اس کا بدلہ نہیں لیں گے ؟ آپ سریندر پرساد یادو سے لڑ سکتے ہیں، سریندر یادو آپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر نہیں دیکھ سکتے ، لیکن آپ نتیش کمار کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ نتیش کمار بدلہ لیں گے اور آپ کو برباد کر دیں گے، ایک بار سوچیں۔ اس لیے سوچ سمجھ کر ووٹ دیں۔
تراری اسمبلی کے بلوا میں جن سوراج کے جھنڈے کو پھاڑنے پر پرشانت کشور نے کہا کہ جھنڈے کے پھاڑنے سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ جن سوراج سے کس قدرخوفزدہ ہے۔ ایک طرف لوگ بیان دے رہے ہیں کہ جن سوراج میں طاقت نہیں ہے۔ دوسری طرف لوگ سوراج کا پرچم پھاڑ رہے ہیں۔ جھنڈے پر مہاتما گاندھی کی تصویر ہے۔ لوگ جھنڈا پھاڑ کر پرشانت کشور کی توہین نہیں کر رہے بلکہ مہاتما گاندھی کی توہین کر رہے ہیں۔ یہ ان لوگوں کے رویے اور اقدار کی واضح عکاسی کرتا ہے۔