ڈاکٹر منموہن سنگھ کی موت کی وجہ سے وزیر اعلیٰ کی پرگتی یاترا ملتوی

تاثیر  27  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ ، 27 دسمبر:سابق وزیر اعظم اور کانگریس پارٹی کے سینئرلیڈر آنجہانی سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کی وجہ سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی 27-28 دسمبر کو ہونے والی پرگتی یاترا ملتوی کر دی گئی ہے۔
منموہن سنگھ 2004 سے 2014 تک ملک کے وزیر اعظم رہے۔ ان کے انتقال کے بعد ملک بھر میں 7 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ‘ پرگتی یاترا ‘ کے حوالے سے دی گئی معلومات کے مطابق 27 اور 28 دسمبر کو ہونے والی وزیر اعلیٰ کی پرگتی یاترا سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کے پیش نظر ملتوی کر دی گئی ہے۔
قبل ازیں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپنی پرگتی یاترا کے لیے آج ( 27 دسمبر) مظفر پور جانے والے تھے۔ یہاں وہ نرولی پنچایت کی پنچایت عمارت کا معائنہ کرنے والے تھے۔ شہر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کرنے والے تھے۔ لیکن اب یہ پروگرام ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کے بعد نتیش نے گذشتہ رات ٹوئٹ کرکے تعزیت کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر افسوس ہے۔ وہ ایک ماہر سیاست داں اور ماہر معاشیات تھے۔ ان کی قیادت میں ہندوستان کی معیشت کو ایک نئی سمت ملی۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا انتقال ہندوستانی سیاست کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔