امت شاہ دہلی والوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے، انہیں عوام کے درمیان آکر جواب دینا چاہئے: کیجریوال

تاثیر  20  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 20 دسمبر: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے دہلی کے ایک اور مشہور اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک اور اسکول کو بم کی دھمکی ملی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مجرموں اور دھمکیاں دینے والوں کے حوصلے بلند ہیں۔کیونکہ آج تک کسی کو دھمکیاں دینے پر گرفتار نہیں کیا گیا ہے، امت شاہ دہلی کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہیں دہلی والوں کے درمیان آکر جواب دینا چاہیے۔دہلی کے ایک مشہور اسکول کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے سوال پر اروند کیجریوال نے کہا کہ یہ ایک ٹرینڈ بنتا جا رہا ہے۔ پچھلے 9-10 دنوں میں یہ چوتھی بار ہے جب دہلی کے اس طرح کے معروف اسکولوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ میں جہاں بھی سیر پر جاتا ہوں، والدین اور بچے مجھے گھیر لیتے ہیں۔ہم اسکول جانے سے ڈرتے ہیں۔ ہر روز ہم اسکول جاتے ہیں، اسکول خالی کرا دیا جاتا ہے۔ ابھی تک ایک بھی شخص گرفتار نہیں ہوا۔ کیوں؟ امت شاہ کہاں ہیں؟ امت شاہ جواب کیوں نہیں دے رہے ہیں ؟انہیں دہلی آنا چاہیے۔ انہیں دہلی والوں کے درمیان بیٹھنا چاہیے۔ انہیں دہلی کے لوگوں کو جواب دینا چاہیے۔ دہلی کے لوگ صرف سیکورٹی مانگ رہے ہیں، یہ ان کا حق ہے۔ امت شاہ جواب کیوں نہیں دے رہے ہیں؟ اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر کہا کہ آج ایک اور اسکول کو دھمکی ملی ہے۔ مجرموں اور دھمکیاں دینے والوں کے حوصلے بلند ہیں کیونکہ آج تک کوئی دھمکیاں دینے والا پکڑا نہیں گیا۔