تاثیر 24 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 دسمبر: جنوبی ضلع پولیس نے ایک بڑے غیر قانونی امیگریشن ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق 11 افراد میں سے 5 بنگلہ دیشی شہری ہیں اور دیگر جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث پائے گئے۔ یہ تمام ملزمان فرضٰ ویب سائٹس کا استعمال کرتے ہوئے بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے آدھار کارڈ، ووٹر شناختی کارڈ اور دیگر جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث تھے۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق ملزمین ایسے بنگلہ دیشی باشندوں کو شناختی کارڈ فراہم کرتے تھے جو غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوچکے تھے۔ یہ لوگ عموماً جنگلات اور ایکسپریس ٹرینوں کے ذریعے ہندوستان میں داخل ہوتے تھے۔ ملزمین نے جعلی ویب سائٹس کے ذریعے جعلی دستاویزات تیار کی تھیں، تاکہ بنگلہ دیشی شہری بغیر کسی قانونی عمل کے بھارتی شناختی کارڈ حاصل کر سکیں۔