پٹنہ کے باپو امتحان مرکز میں منعقدہ بہار پبلک سروس کمیشن کا ابتدائی امتحان منسوخ 

تاثیر  16  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 16 دسمبر: بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) نے پٹنہ کے باپو امتحان مرکز میں 13 دسمبر کو ہونے والے 70ویں ابتدائی امتحان کو منسوخ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں امتحان کی نئی تاریخ جلد جاری کی جائے گی۔ یہ فیصلہ پٹنہ ضلع مجسٹریٹ کی تحقیقاتی رپورٹ ملنے کے بعد لیا گیا ہے۔
بی پی ایس سی کے چیئرمین روی منو بھائی پرمار نے پیر کے روزایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ باپو امتحان مرکز میں ہنگامہ ا?رائی کی وجہ سے کئی امیدواروں کے امتحان سے محروم رہنے کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ ہزاروں امیدوار ایسے تھے جو اس ہنگامہ آرائی میں شامل نہ ہونے کے باوجود امتحان سے محروم رہے۔ ان امیدواروں کا مطالبہ تھا کہ امتحان دوبارہ کرایا جائے۔ کمیشن کے چیئرمین نے کہا کہ اگرچہ باپو امتحان مرکز کا امتحان منسوخ کر دیا گیا ہے لیکن اس امتحان کا نتیجہ ساتھ ہی جاری کیا جائے گا۔ اس لیے طلبہ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ نئی تاریخ کے بارے میں جلد ہی کمیشن کی ویب سائٹ پر معلومات جاری کی جائیں گی۔
فیصلے کے بارے میں معلومات دینے سے پہلے کمیشن کے چیئرمین نے کہا کہ 911 مراکز پر چار لاکھ 75 ہزار امیدواروں نے امتحان دیا۔ امتحان عام طور پر پرامن ماحول میں منعقد ہوا۔ پورے امتحان کے دوران پیپر لیک ہونے کی بات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے واضح طور پر کہا کہ امتحان منسوخ نہیں کیا جائے گا بلکہ امتحان دوبارہ ایک مرکز پر لیا جائے گا۔ نتیجہ دوبارہ امتحان کے بعد ایک ساتھ جاری کیا جائے گا۔