انجمن ترقی اردو نالندہ کی اہم مشاورتی نشست منعقد

تاثیر  16  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

اردو کو اس کا واجب حق دلانے کے لیے ڈی ایم نالندہ سے کئی مطالبات 
گزشتہ روز انجمن ترقی اردو نالندہ کی ایک اہم مشاورتی نشست زیر صدارت الحاج سلطان انصاری و زیر نقابت تنویر ساکت صغریٰ ہائی اسکول کے سکریٹری آفس میں منعقد کی گئی جس میں موجود تمام عہدیداران و اراکین نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ لیا کہ حال ہی میں انجمن ترقی اردو بہار کی جانب سے نالندہ شاخ کی جو نئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس میں نالندہ کے نامور ادباء و شعراء اور اردو تحریک سے وابستہ شخصیات کو شامل کیا جائے۔ لہذا جناب بے نام گیلانی، جناب آفتاب حسن شمس، جناب ارشد رضا، جناب غفران نظر، جناب مجاہد الاسلام قاسمی و مولانا امجد صاحب کو اہم ذمہ داری کے ساتھ شمولیت کا قرارداد منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ نالندہ کے نام ایک میمورنڈم بھی تیار کیا گیا جس میں سرکاری دفاتر و تعلیمی اداروں کے سائن بورڈ اور افسروں کے ناموں کی تختیاں اردو میں بھی لکھے جانے، اردو اسکولوں میں تمام مضامین کی درسی کتابیں اردو میں فراہم کرانے جانے، اردو میڈیم سے پرائمری و مڈل سطح کی بنیادی تعلیم دئے جانے کے مقصد سے اساتذہ کی خصوصی تربیت کرانے ، ضلع کے مختلف شاہراہوں کے علاوہ تمام سڑکوں کے نام اور مفاد عامہ کے ہورڈنگ و اشتہار اردو میں بھی لگائے جانے کے مطالبات شامل ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ سے مل کر جلد ہی میمورنڈم سونپ دیئے جانے کا قرارداد منظور کیا گیا۔
اس نشست میں موجود شرکا میں مختار الحق، آفتاب حسن شمس، آفتاب عالم، محفوظ عالم، عبدالحق، ارشد رضا، سرفراز احمد خان ایڈووکیٹ، کے علاوہ کئی قابل قدر شخصیات شامل ہیں.