تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 21 دسمبر: افغانستان کے نئے بلے باز صدیق اللہ اٹل نے گزشتہ اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ میں اپنی کارکردگی کو بین الاقوامی کرکٹ میں آسانی سے داخلے کی بنیاد قرار دیا۔
صدیق اللہ اٹل کی پہلی ون ڈے سنچری اور عبدالمالک (84) کے ساتھ ان کی 191 رنوں کی اوپننگ شراکت نے افغانستان کو زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے میں مدد دی۔ اس شراکت داری کی بدولت مہمان ٹیم نے مشکل پچ پر بڑا اسکور کیا۔ اس کے بعد ان کی گیندبازی یونٹ نے بہت نظم و ضبط کی کوشش کی کیونکہ زمبابوے 54 رن پر ڈھیر ہو گیا اور افغانستان 232 رنوں سے جیت گیا۔
اکتوبر 2024 میں اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ کے بعد سے ہی اٹل نے خوب دھمال مچایا ہوا ہے، جہاں وہ افغانستان اے کے لیے پانچ میچوں میں 122.66 کی شاندار بلے بازی اوسط اور 145 کے اسٹرائیک ریٹ سے 368 رن بناکر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بنے۔ ان کی شاندار کارکردگی نے افغانستان اے کی خطابی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔