تاثیر 26 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں, 25 دسمبر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے آج سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم اور دور اندیش رہنما قرار دیا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ واجپائی کی قیادت ان کی غیر معمولی بصیرت اور امن و سفارت کاری کے لیے عزم کی مظہر تھی۔کرگل جنگ اور 2001 کے پارلیمنٹ حملے جیسے کٹھن حالات کے باوجود، واجپائی نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے راستے کو کبھی ترک نہیں کیا۔ یہ ان کی قیادت کی انفرادیت تھی کہ وہ تنازعہ کے بجائے بات چیت کو ترجیح دیتے تھے۔محبوبہ نے مزید کہا کہ واجپائی امن کے لیے ایک مضبوط وڑن رکھنے والے رہنما تھے۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی مذاکرات کا راستہ اپنایا اور یہ ثابت کیا کہ سفارت کاری ہی دیرپا امن کا واحد حل ہے۔ ان کا یہ رویہ ان کے بلند حوصلے اور مستقبل بینی کا عکاس تھا۔انہوں نے مرحوم مفتی محمد سعید کی ہیلنگ ٹچ پالیسی کو واجپائی کی جانب سے تسلیم کیے جانے کو جموں و کشمیر کے لیے ایک اہم موڑ قرار دیا۔