یوگی حکومت نے اتر پردیش میں 17,865 کروڑ روپئے کا سپلیمنٹری بجٹ پیش کیا

تاثیر  17  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 17 دسمبر: اتر پردیش میں بلاتعطل ترقی کو جاری رکھنے کے لیے یوگی حکومت نے منگل کو اسمبلی میں رواں مالی سال کے لیے اپنا دوسرا سپلیمنٹری بجٹ پیش کیا۔ 17,865.72 کروڑ روپے کے اس ضمنی بجٹ میں 790.49 کروڑ روپے کی نئی تجاویز شامل کی گئی ہیں۔ اس مالی سال کے لیے یوگی حکومت کا یہ دوسرا ضمنی بجٹ ہے، جو اصل بجٹ (7 لاکھ 36 ہزار 437.71 کروڑ روپے) کا 2.42 فیصد ہے۔ اس سے پہلے یوگی حکومت نے 12,209.93 کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ بھی پیش کیا ہے۔ دونوں سپلیمنٹری بجٹ سمیت یوگی حکومت کا رواں مالی سال کا کل بجٹ 7 لاکھ 66 ہزار 513.36 کروڑ روپئے ہو گیا ہے۔
ریاستی خزانہ اور پارلیمانی امور کے وزیر سریش کھنہ نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں اسمبلی میں دوسرا ضمنی بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ضمنی بجٹ کا حجم 17,865.72 کروڑ روپے ہے۔ یہ حکومت ترقی کو ترجیح دینے والی حکومت ہے اور جب بھی ضرورت ہو اسے آئینی طریقے سے ایوان کے ذریعے ضمنی بجٹ لانے کا حق حاصل ہے۔ ضمنی بجٹ میں 790.49 کروڑ روپے کی نئی تجاویز شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی اسکیموں میں 422.56 کروڑ روپے کے مرکزی حصہ کی رقم کا بھی تخمینہ ہے۔ اس کے علاوہ 30 کروڑ 48 لاکھ روپے کی واپسی کی تجویز بھی اس میں شامل ہے۔