تاثیر 29 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
مہاکمبھ نگر، 29 جنوری: اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے مہاکمبھ کے موقع پر حادثے میں عقیدت مندوں کی ہلاکتوں پر غم کا اظہار کیا ہے۔ اکھلیش یادو نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ شدید زخمیوں کو ایئر ایمبولینس کی مدد سے قریبی بہترین اسپتالوں میں لے جا کر فوری طبی انتظامات کیے جائیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کی شناخت کرکے ان کے لواحقین کے حوالے کرنے اور ان کی رہائش گاہوں تک پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔ جو لوگ بچھڑ گئے ہیں ان کو دوبارہ ملانے کے لیے فوری کوششیں کی جائیں۔
سماجوادی پارٹی سربراہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کا صحیح استعمال کرتے ہوئے نگرانی بڑھائی جائے۔ ستیوگ سے جاری ‘شاہی اسنان’ کی اٹوٹ اور لافانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، راحتی کاموں کے متوازی محفوظ انتظام کے درمیان ’مونی اماوسیہ کا شاہی اسنان‘ کرانے کے انتظامات کیے جائیں۔ اکھلیش یادو نے عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں تحمل اور صبر سے کام لیں اور اپنی یاترا پرامن طریقے سے مکمل کریں۔ آج کے واقعے سے سبق لیتے ہوئے حکومت کو چاہیے کہ وہ عقیدت مندوں کے قیام، رہائش، کھانا، پانی اور دیگر سہولیات کا اضافی انتظام کرے۔