تاثیر 02 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 2 جنوری : عارف محمد خان نے جمعرات کے روز بہار کے 42ویں گورنر کی حیثیت سے اپنے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کرشنن ونود چندرن نے انہیں حلف دلایا۔ راج بھون میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار، قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو، اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ اور ریاستی حکومت کے دیگر وزراء نے شرکت کی۔
تقریب حلف برداری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عارف محمد خان نے کہا کہ بہار میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ بہار کے لوگ بہت پرجوش ہیں۔ بہار کے لوگوں کا ملک میں بڑا رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی ترقی کے لیے جو بھی ممکن ہے، وہ حکومت کے ساتھ ضرور کریں گے۔ نئے سال پر رابڑی رہائش گاہ پر ا?ر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو سے ملاقات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ جے پی تحریک کے وقت سے اپنے تمام پرانے ساتھیوں کو جانتے ہیں۔ اس سلسلے میں میں نے ان سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے صحافیوں سے سوال کیا کہ کیا پرانے ساتھیوں سے ملنا جرم ہے، کیا میں ان سے نہیں مل سکتا؟