لبنان میں آرمی چیف جوزف عون صدر منتخب

تاثیر  10  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بیروت،10جنوری:لبنان کی پارلیمان نے جمعرات کے روز لبنان کے فوجی سربراہ جوزف عون کو ملک کا صدر منتخب کر لیا ہے۔لبنان میں اکتوبر 2022 سے صدارتی انتخاب التوا میں تھا اور یہ اہم عہدہ خالی پڑا ہوا تھا۔ لبنان کے آئین میں صدارتی عہدہ مسیحی آبادی کی سیاسی امور میں شراکت کے لیے مسیحیوں کے نمائندے کے لیے مخصوص ہے۔اکتوبر 2022 میں صدر مائیکل عون کی مدت صدارت ختم ہونے کے بعد سے سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو سکا تھا کہ نئے صدر کا انتخاب کیا جا سکتا۔
واضح رہے 128 رکنی پارلیمان میں کسی بھی امیدوار کو صدر منتخب ہونے کے لیے 86 ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم پارلیمان کے سپیکر نبیہ بری کے مطابق جنرل جوزف عون پہلے راؤنڈ میں 86 ووٹ نہ لے سکے۔ البتہ دوسرے راؤنڈ میں وہ 99 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ان کی یہ کامیابی حزب اللہ کے ارکان پارلیمان اور حزب اللہ کی شیعہ اتحادی جماعت ‘امل موومنٹ’ کی حمایت کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔