تاثیر 15 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 15 جنوری :ڈوڈہ میں پولیس، موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس کے اشتراک سے روڈ سیفٹی مہینے کے تحت بیداری پروگرام جاری ہیں۔ اس مہم کا مقصد عوام کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا، خطرناک ڈرائیونگ سے باز رکھنا اور روڈ حادثات کی شرح کو کم کرنا ہے۔اس موقع پر مشترکہ ٹیموں نے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی، تاکہ جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔ چار پہیہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو سیٹ بیلٹ باندھنے، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کرنے اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کی تلقین کی گئی۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اجے آنند نے اس مہم کے دوران کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ عوام کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کا عادی بنایا جائے۔ رات کے اوقات میں ڈرائیوروں کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ نشے میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ ہم ان شہریوں کے شکر گزار ہیں جو قوانین پر عمل کر رہے ہیں اور ہماری کوششوں کا حصہ بن رہے ہیں۔ اے آر ٹی او ڈوڈہ اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف مسافر گاڑیوں کا معائنہ کر رہے ہیں تاکہ گاڑیوں کی قانونی حیثیت اور حفاظتی معیارات کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ مہم عوام میں شعور بیدار کرنے، روڈ سیفٹی کو فروغ دینے اور حادثات میں کمی لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔