سرحد پار سے دہشت گردوں کا داخلہ بی ایس ایف کی ناکامی: ابھیشیک بنرجی

تاثیر  02  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 02 جنوری: ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے ایک بار پھر مرکزی حکومت اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی ایس ایف ریاست کو غیر مستحکم کرنے کے مقصد سے دہشت گردوں کو بنگال میں داخل ہونے کی اجازت دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرحد بی ایس ایف کی ذمہ داری ہے۔ دہشت گرد سرحد پار سے آ رہے ہیں تو یہ بی ایس ایف کی ناکامی ہے۔
ایم پی ابھیشیک نے جمعرات کو ڈائمنڈ ہاربر میں ‘سیواشرے’ پروجیکٹ کے افتتاح کے دوران نامہ نگاروں سے کہا کہ ریاستی پولیس کی چوکسی اور سرگرمی کی وجہ سے ہی دہشت گردوں کو پکڑا جا سکتا ہے۔ اگر ریاستی پولیس اتنی تیار نہ ہوتی تو ان دہشت گردوں کا سراغ لگانا مشکل ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الزام لگا رہی ہے کہ بنگال دہشت گردی کا مرکز بن گیا ہے۔ ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگال تعلیم، صحت اور ترقی کا مرکز ہے دہشت گردی کا نہیں۔ دہشت گردوں کا پکڑا جانا ریاستی پولیس کی چوکسی کا نتیجہ ہے۔