نیپال میں زلزلے کے بعد چینی علاقے سے ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے پر پابندی لگا دی گئی

تاثیر  07  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کاٹھمنڈو، 07 جنوری :منگل کو نیپال اور چین کی سرحد پر واقع شگاتسے کے علاقے میں آنے والے طاقتور زلزلے کے بعد چینی انتظامیہ نے چینی علاقے سے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ ماؤنٹ ایورسٹ کو چین میں ماؤنٹ کومولانگما کے نام سے جانا جاتا ہے۔
چین کی سرکاری میڈیا نیوز ایجنسی ڑنہوا کے مطابق زیزانگ (تبت) خود مختار علاقے کی ڈنگری کاؤنٹی میں 7.1 شدت کے زلزلے کے بعد سیاحوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ماؤنٹ ایورسٹ پر چینی علاقے سے کوہ پیمائی پر اگلے نوٹس تک پابندی لگانے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ چین کا تبت کی ڈنگری کاؤنٹی میں ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کے لیے بیس کیمپ ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا نے علاقائی ڈیزاسٹر ریلیف ہیڈ کوارٹر کے حوالے سے اب تک 53 افراد کے ہلاک اور 62 زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔