تاثیر 27 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
میڈرڈ، 27 جنوری : ایف سی بارسلونا کی خواتین فٹبال ٹیم نے اپنا تسلط برقرار رکھتے ہوئے اتوار کو ریال میڈرڈ کو 5-0 سے شکست دے کر مسلسل چوتھی بار ویمنز سپر کپ کا خطاب جیت لیا۔ اسپین کی لیگا ایف میں 100 فیصد جیت کا ریکارڈ رکھنے والی بارسلونا نے میچ کے ہر لمحے میں اپنا غلبہ دکھایا۔
گول کی بارش:
میچ کے 30ویں منٹ میں ناروے کی کیرولین گراہم ہینسن نے پہلا گول کر کے بارسلونا کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد 37ویں منٹ میں پولش فارورڈ ایوا پجور نے شاندار گول کر کے برتری کو 2-0 کر دیا۔ پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں پجور نے ایک اور گول کر کے بارسلونا کو 3-0 کی مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
بارسلونا نے دوسرے ہاف میں بھی اپنے حملے جاری رکھے۔ 62 ویں منٹ میں پیٹریس گیجرو نے فاصلے سے طاقتور شاٹ لگا کر چوتھا گول کیا۔ میچ کے 85ویں منٹ میں کپتان الیکسیا پوٹیلس نے ہیڈر پر گول کرکے اسکور 5-0 کردیا۔ یہ اسکور آخر تک برقرار رہا۔