جرمنی نے شام کو ’فعال ریاست‘ بننے میں مددکا وعدہ کیا

تاثیر  03  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

برلن،03جنوری:جرمن وزیرِ خارجہ نے دمشق کے دورے سے قبل جمعے کو کہا ہے کہ جرمنی شام کو دوبارہ “اپنی سرزمین پر مکمل کنٹرول کے ساتھ ایک فعال ریاست” بننے میں مدد دینا چاہتا ہے۔جرمن وزیرِ خارجہ اینالینا بیئربوک جمعے کو دمشق میں اپنے فرانسیسی ہم منصب ڑاں نول باروٹ کے ہمراہ یورپی یونین کی جانب سے احمد الشرع سے مذاکرات کریں گی جو شام کے نئے رہنما ہیں۔
شام میں باروٹ کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہونے کے لیے سفر کرتے ہوئے بیئربوک نے کہا، شرع کی ھیئۃ تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کی افواج کے بارے میں “شکوک و شبہات” کے باوجود “ہمیں اس اہم دوراہے پر شامی عوام کی حمایت کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے”۔انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دمشق کے لیے ایک “واضح اشارہ” ہے کہ شام اور جرمنی اور زیادہ وسیع پیمانے پر شام اور یورپ کے درمیان نئے تعلقات کا امکان ہے۔