گوکیش ایف آئی ڈی ای کی تازہ ترین درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر

تاثیر  23  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ،23جنوری :ورلڈ چمپئن ڈی گوکیش اپنے نام نئی کامیابیوں کا ریکارڈ بنا رہے ہیں اور جمعرات کو وہ ارجن ایریگیسی کی جگہ ایف آئی ڈی ای(شطرنج کی عالمی تنظیم) کی تازہ ترین درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر پہنچ کر ہندوستان کے اعلیٰ ترین کھلاڑی بن گئے۔ گوکیش نے اپنی سمجھ بوجھ اور تکنیکی کھیل کا ایک شاندار نمونہ دکھایا اور ٹاٹا اسٹیل شطرنج ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ میں جرمنی کے ونسنٹ کیمر کو شکست دے کر اپنے پوائنٹس کی تعداد 3.5 پوائنٹس تک لے گئے۔ انہوں نے اس مقابلے میں اپنی دوسری جیت بھی درج کی۔
واضح ر ہے کہ حال ہی میں ہندوستان کا سب سے بڑا کھیل ایوارڈ دھیان چند کھیل رتن حاصل کرنے والے گوکیش کے پاس اب 2784 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، جب کہ ایریگیسی، جو کچھ عرصے سے ہندوستان کے نمبر ایک کھلاڑی رہے ہیں، 2779.5 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔