تاثیر 13 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
یہ اسکول سیمانچل کے تعلیمی شعبے میں ایک نیا انقلاب لائے گا:- سالکین احمد۔
ارریہ: (مشتاق احمد صدیقی) گزشتہ روز “ہادی فاؤنڈیشن” کے زیراہتمام ضلع کے جوکی ہاٹ بلاک کے بلوا جیسے پسماندہ علاقے کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ وپیراستہ کرنے کے مقصد سے معمولی اور برائے نام فیس کے ساتھ ایک تعلیمی و تربیتی ادارہ “جونیئر نیو دہلی پبلک اسکول” کی افتتاحی تقریب اے آر کمپلیکس کے وسیع و عریض احاطے میں منعقد ہوئی۔ اس افتتاحی تقریب میں بہت سے معززین مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ مہمان خصوصی سالکین احمد جو کہ انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ (IA&AD) حکومت ہند میں آڈٹ آفیسر ہیں، نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکول سیمانچل کے تعلیمی شعبے میں ایک نیا انقلاب لائے گا۔ اس تقریب کے مہمانانِ اعزازی ثاقب احمد، سیمانچل لائبریری فاؤنڈیشن کے بانی، شاہ فیصل، الہام اکیڈمی کے بانی، اشتیاق انور ندوی، پرنسپل، نئی دہلی پبلک اسکول، اُودا، جوکی ہاٹ شامل تھے۔ اسکول کی پرنسپل فوزیہ مسعود نے اپنے خطاب میں اسکول کے تعلیمی وژن پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بچوں کی ہمہ جہت ترقی اور معیاری تعلیم کے لیے اپنے قیمتی اوقات کو صرف کرنے کا یقین دلایا۔ اسکول کے ڈائریکٹر نثار عالم نے مہمانوں اور دیگر گارجین حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسکول علاقے کے بچوں کو بہترین تعلیم فراہم کرنے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر ثقافتی پریزنٹیشنز کا اہتمام کیا گیا، جس میں بچوں نے اپنی داخلی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ یہ تقریب سب کے لیے ایک یادگار موقع بن گئی۔ اسکول انتظامیہ نے موجود تمام معززین، گارجین اور بچوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا اسکول علاقے میں تعلیمی میدان میں نئی امیدیں لائے گا۔