تاثیر 09 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 9 جنوری: مدھیہ پردیش میں مکھیہ منتری لاڈلی بہنا یوجنا کا فائدہ اٹھانے والی 1 لاکھ 63 ہزار خواتین کو اس بار 1250 روپے کی قسط نہیں ملے گی۔ ان خواتین کی عمریں 60 سال سے زائد ہیں۔ ایسے میں محکمہ خواتین و اطفال ترقیات نے انہیں نااہل قرار دے دیا ہے۔ سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے اسکیم سے ایک لاکھ 63 ہزار لاڈلی بہنوں کے نااہل ہونے پر حکومت پر حملہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت پر لاڈلی بہنوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے بی جے پی لاڈلی بہنا اسکیم کو بند کرنا چاہتی ہے۔
کمل ناتھ نے جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس پر پر پوسٹ کرکے لکھا، ’’مدھیہ پردیش میں لاڈلی بہنوں کے ساتھ ڈاکٹر موہن یادو حکومت کی دھوکہ دہی جاری ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے بی جے پی لاڈلی بہنا اسکیم کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ انتخابات سے پہلے جو بی جے پی لاڈلی بہنوں کو ماہانہ 3000 روپے دینے کا وعدہ کر رہی تھی، وہی بی جے پی اب اعزازیہ بڑھانے کے بجائے لاڈلی بہنوں کی تعداد میں مسلسل کمی کر رہی ہے۔