تاثیر 14 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 جنوری: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو بھارت منڈپم میں ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے 150 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقد ایک تقریب میں ‘مشن موسم’ کا آغاز کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر آئی ایم ڈی ویڑن 2047 دستاویز اور آئی ایم ڈی کے 150 سال مکمل ہونے کی یاد میں ایک یادگاری سکہ بھی جاری کیا۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان کو موسمیاتی اسمارٹ ملک بنانے کے لیے ہم نے ‘ مشن موسم’ شروع کیا ہے۔ ‘ مشن موسم’ ایک پائیدار مستقبل اور مستقبل کی تیاری کے لیے ہندوستان کے عزم کی بھی علامت ہے۔ وزیراعظم نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ زلزلوں کے لیے انتباہی نظام تیار کرنے کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’زلزلے کے لیے وارننگ سسٹم تیار کرنے کی ضرورت ہے اور سائنسدانوں اور محققین کو اس سمت میں کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیات میں ترقی نے ملک کو قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔