تاثیر 08 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 08 جنوری : بھارتیہ بحریہ نے آسام کے دیما ہساؤ ضلع کے دور افتادہ صنعتی شہرامرنگسو میں پھنسے کان کنوں کو بچانے میں مدد کے لیے ایک خصوصی ٹیم تعینات کی ہے۔ ٹیم ایک افسر اور گیارہ غوطہ خوروں پر مشتمل ہے، جن میں اعلیٰ تربیت یافتہ کلیئرنس غوطہ خور بھی شامل ہیں۔ یہ ٹیم گہرے پانی میں غوطہ خوری اور بچاؤ کے کاموں میں ماہر ہے۔
سول انتظامیہ کی درخواست پر تعینات نیول ٹیم اس اہم اور حساس مشن کے لیے آلات سے پوری طرح لیس ہے۔ ٹیم کے پاس تلاش اور بچاؤ کے لیے گہرے پانی میں غوطہ خوری کا سامان اور پانی کے اندر دور سے چلنے والی گاڑیاں (آر او وی) جیسے خصوصی آلات ہیں۔ یہ کوشش ہندوستانی فوج، این ڈی آر ایف اور مقامی سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کی جا رہی ہے تاکہ فوری اور موثر ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔