تاثیر 06 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 6 جنوری :سپریم کورٹ نے کسانوں کے احتجاج سے متعلق سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی۔ پیر کو سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت سے مزید وقت کا مطالبہ کیا۔
سماعت کے دوران سینئر وکیل سبل نے عدالت میں بتایا کہ ہم نے احتجاج کرنے والے کسانوں کو سمجھایا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی طرف سے تشکیل دی گئی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی سے ملیں۔ امید ہے کاشتکار متفق ہوں گے۔ اس کے لیے کچھ اور وقت دیں۔ سماعت کے دوران عدالت نے امید ظاہر کی کہ تعطل کے حل کے لیے کچھ مثبت ہوگا۔ اس سے قبل 28 دسمبر 2024 کو سپریم کورٹ نے کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلیوال کی خراب صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے برہمی کا اظہار کیا تھا۔ جسٹس سوریہ کانت کی قیادت والی بنچ نے پنجاب حکومت سے کہا تھا کہ عدالت کے حکم کے باوجود ڈلیوال کو اسپتال میں داخل نہ کرنا توہین کا معاملہ ہے اور ریاستی حکومت کو معلوم ہونا چاہیے کہ عدالت کا اگلا قدم کیا ہوگا۔