پچھوا ہوا سے بڑھی کنکنی، وارڈ نمبر 14 گنگوارہ ودیگر میں بھی سردی سے لوگوں کا برا حال

تاثیر  08  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

 دربھنگہ(فضا امام) 8 جنوری:- ہڈیوں کو ٹھنڈا کرنے والی سردی کا اثر برقرار ہے۔ جس کے باعث دن کے ساتھ ساتھ رات کے ٹمپریچر میں بھی ریکارڈ کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹمپریچر 11 ڈگری سیلسیس تھا۔ یہاں کم سے کم ٹمپریچر میں بھی 5.5 ڈگری سیلسیس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ صبح سے تقریباً 8 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی پچھوا ہوا نے نظام زندگی کو مکمل طور پر پٹڑی سے اُتار دیا ہے۔ تقریباً 27 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پچھوا ہوا کے جھونکے سے لوگ سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں۔ مسلسل چھٹیں روز بھی سورج نہ نکلنے سے لوگوں کے گھروں کی دیواریں مزید سرد ہوگئیں۔ امیر لوگ ہیٹر کی مدد سے سردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب الاؤ کی مدد سے غریب سردیوں کے درمیان جسم کو گرم کرنے مصروف ہیں۔ شدید سردی نے شہر کے کاروبار کو درہم برہم کر دیا ہے۔ دربھنگہ ٹاور، باقر گنج، مولا گنج، مرزا پور سمیت شہر کے دیگر بازاروں میں دن بھر ویرانی ہے۔ اندھیرا ہوتے ہی شہر کی گلیاں سنسان ہو جاتی ہیں۔ سردی سے بچنے کے لیے لوگ شام ہوتے ہی گھروں میں سمٹنا شروع کردیتے ہیں۔بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی تعداد بھی کم ہو گئی ہے۔ شدید سردی کی لہر نے محنت کش عوام کی کمر توڑ دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں برفانی ہوائیں مزید تیز ہونے والی ہیں۔ جس کے باعث ٹمپریچر میں کمی کے ساتھ سردی کی لہر مزید بڑھ سکتی ہے۔