تاثیر 25 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شاہجہاں پور، 25 جنوری: اتر پردیش کے شاہجہاں پور میں جلال آباد- فرخ آباد ہائی وے پر جمعہ کی رات دیر گئے ٹرک اور کار کے درمیان ہوئی ٹکر میں چار باراتی ہلاک ہو گئے جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ ٹرک کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔
اللہ گنج تھانہ علاقے میں جلال آباد-فرخ آباد ہائی وے پر کٹیولی گاؤں میں واقع ایم پی گجرات ڈھابہ کے قریب، رات تقریباً 11 بجے جلال آباد کی طرف جا رہے ایک ٹرک نے سامنے سے آنے والی سوئفٹ ڈیزائر کار کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں کار میں سوار اللہ گنج علاقے کے دہینا گاؤں کے رہنے والے راہل (25)،گورا گاوں کے رہائشی ونے شرما (27)، آکاش (22) اور گوپال (24) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جب کہ روہت (30) ساکن گورا اور رجت (35) ساکن ٹھنگری شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔