ہاتھی کے حملے میں دو گھر تباہ، نوجوان زخمی

تاثیر 30  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

علی پور دوار، 30 جنوری : ہاتھیوں نے ایک بار پھر ضلع میں تباہی مچادی ہے اور دو مکانات کو تباہ کردیا ہے۔ واقعے میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ زخمی نوجوان کا نام سہیل انصاری بتایا جاتا ہے۔ یہ واقعہ ضلع کے دلسنگ پارہ ٹی اسٹیٹ کے گوڈاؤن لائن اور جوٹولائن علاقوں میں جمعرات کی صبح پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز جنگلی ہاتھی نے گودام لائن کے علاقے میں ثمینہ بی بی کے گھر پر حملہ کر دیا جس کے باعث گھر کا ایک حصہ ٹوٹ کر گھر میں سوئی ہوئی ثمینہ کے بیٹے سہیل انصاری پر جا گرا۔ اس واقعے میں وہ زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں ہاتھی وہاں سے دلسنگ پاڑہ جوتولین علاقے میں چلا گیا اور ثانیہ کھاریا نامی رہائشی کے گھر کو مسمار کردیا۔ کسی طرح ثانیہ کھاریا نے اپنے دو بچوں کے ساتھ بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ کئی گھنٹے تک علاقے میں تباہی مچانے کے بعد ہاتھی واپس جنگل کی طرف چلا گیا۔ علاقے میں بار بار ہاتھیوں کے حملوں سے گاؤں والے خوفزدہ ہیں۔ گاؤں والوں نے محکمہ جنگلات سے رات کے وقت گشت کا مطالبہ کیا ہے۔