تاثیر 04 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
اجمیر، 4 جنوری :راجستھان کے اجمیر میںدنیا بھر میں بھائی چارے، انسانیت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے مشہور بین الاقوامی شہرت یافتہ صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی کے 813 ویں سالانہ عرس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ہفتہ کے روز چادر پیش کی گئی۔ پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے خواجہ کی درگاہ پر وزیر اعظم کی جانب سے چادر پیش کی۔ اس دوران مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت بھاگیرتھ چودھری، اسمبلی اسپیکر واسودیو دیونانی اور سٹی ڈسٹرکٹ صدر رمیش سونی سمیت بی جے پی کے کئی لیڈران ان کے ساتھ موجود تھے۔ جیسے ہی کرن رجیجو کا قافلہ درگاہ کے باہر پہنچا، بی جے پی کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس سے پہلے اجمیر کے بی جے پی لیڈروں نے بھی مرکزی وزیر کا سرکٹ ہاؤس میں پرتپاک استقبال کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے رجیجو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے چادر چڑھانا پورے ملک کی طرف سے چادر چڑھانے کے مترادف ہے۔