تاثیر 24 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،25فروری:اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے کو فوجی طاقت سے اسرائیل کا حصہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ بات فلسطینی مزاحمتی گروپ اسلامی جہاد نے اسرائیلی فوج کی طرف سے مغربی کنارے میں ٹینکوں کی حالیہ تعیناتی کے بعد کہی ہے۔واضح رہے اسرائیل نے فوج کے آرمڈ کور کی مقبوضہ مغربی کنارے میں ٹینکوں کی تعیناتی کئی دہائیوں کے بعد کی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کی طرف سے اتوار کے روز یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں فوج ابھی کئی ماہ تک جنگی کارروائیاں جاری رکھے گی۔اسرائیلی فوج کی ان علاقوں میں جاری جنگی کارروائیوں کی وجہ سے ہزاروں فلسطینی علاقہ چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ جبکہ وزیر دفاع کاٹز نے اسرائیلی فوج کو اس مقبوضہ علاقے میں کارروائیوں میں مزید شدت و حدت لانے کا حکم دے دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی ان جنگی کارروائیوں میں مصروف اسرائیلی فوج کی موقع پر آکر ہمت بندھانے کی کوشش کی ہے۔