تاثیر 05 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جنوبی دیناج پور، 05 فروری : ہندوستان میں دراندازی کی کوشش کے دوران بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے ایک بنگلہ دیشی نوجوان زخمی ہوگیا۔ زخمی بنگلہ دیشی نوجوان کا نام محمد علاؤالدین بتایا جاتا ہے۔ یہ واقعہ ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد پر گنگارام پور تھانے کے تحت ملیکارجن پور میں پیش آیا۔ جب کہ دراندازوں کے حملے میں بی ایس ایف کا ایک جوان بھی زخمی ہوا۔
ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح پانچ بنگلہ دیشی غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے ہندوستانی حدود میں داخل ہو گئے۔ بی ایس ایف کے جوانوں نے انہیں روکا تو مشتعل دراندازوں نے بی ایس ایف پر حملہ کردیا۔ اس دوران دراندازوں نے ایک فوجی کی رائفل لوٹنے کی کوشش کی۔ حملے کے جواب میں بی ایس ایف کے جوانوں نے گولی چلائی۔ جس کی وجہ سے محمد علاؤالدین نامی بنگلہ دیشی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ جبکہ تصادم میں بی ایس ایف کا ایک جوان بھی شدید زخمی ہوا۔ دونوں کو گنگارام پور سپر اسپیشلٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی ممنوعہ کھانسی کا شربت اسمگل کرنے کے لیے سرحد پار کر گئے تھے۔ واقعے کے بعد سرحد پر بی ایس ایف کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔