حکیم سید مودود اشرف کو وزارت آیوش حکومت ہند نےآؤٹ اسٹینڈنگ اکیڈمیشن اعزاز سے نوازا

تاثیر 22  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سہرسہ(سالک کوثر امام) ضلع کے نگر پریشد سمری بختیار پور کے مخدوم چک خانوادہ اشرفیہ کے چشم و چراغ، سابق ڈین فیکلٹی آف یونانی میڈیسن علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، غنیمت ویلفیئر چیریٹیبل ٹرسٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر حکیم سید شاہ مودود اشرف خانقاہ مخدوم چک سمری بختیار پور سہرسہ بہار کو وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند کی جانب سے آؤٹ اسٹینڈنگ اکیڈمیشن اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ ایوارڈ ان کی علمی خدمات، تحقیق اور یونانی طب کے فروغ میں ان کے غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ
       پروفیسر حکیم سید مودود اشرف کوشی علاقے سے فتنہ قادیانیت کو ملیا میٹ کرنے والے کئی اسلامی کتابوں کے مصنف مولانا سید شاہ غنیمت اشرف کے پوتے ہیں، موصوف اپنے دادا اور والد سید شاہ ابو القاسم اشرف کی طرح اس سن کبری میں بھی اپنی محنت، لگن اور خلوص سے ہمیشہ علم کی روشنی کو عام کرنے میں لگے ہوئے ہیں فی الحال اپنے دادا مرحوم کی سوانح حیات بھی تصنیف کر رہے ہیں، مودود اشرف نے طب یونانی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں ہیں۔ ان کی شرافت، حسن اخلاق اور قوم کے لئے ان کا چھلکتا درد ان کی اعلی شخصیت کی پہچان ہے. اس ایوارڈ کے ملنے پر پورے علاقے میں خوشی دیکھنے کو مل رہی ہے، مبارک بادیوں کو سلسلہ جاری ہے۔مقامی لوگوں نے ان کی اس کامیابی کو پورے سمری بختیار پور کے لئے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔