ویلڈنگ کی دکان کی آڑ میں غیر قانونی اسلحہ بنانے کی فیکٹری کا پردہ فاش

تاثیر 09  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جونپور، 09 فروری : ضلع میں مسلسل بڑھتے جرائم کو روکنے کے لیے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی جانب سے سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں سرائے خواجہ پولیس اور ایس او جی کی مشترکہ ٹیم نے غیر قانونی اسلحہ بنانے والی فیکٹری کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پولیس نے اتوار کو ویلڈنگ کی دکان کی آڑ میں چلائے جانے والے اس غیر قانونی کاروبار کو بے نقاب کیا۔ پولیس نے تھانہ علاقے میں اناپور چوراہے کے قریب واقع راجیش ویلڈنگ کی دکان سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات برآمد کیے ہیں۔
اس معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے سی او صدر دیویش کمار سنگھ نے بتایا کہ مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ تھانہ علاقہ میں اناپور کے قریب ایک ویلڈنگ کی دکان میں ہتھیار بنانے اور سپلائی کرنے کا کام کیا جاتا ہے۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او جی اور سرائے خواجہ پولیس نے چھاپہ مار کر دکان کے مالک سنجیو بند کو گرفتار کر لیا۔