اسرائیل کو ملیا میٹ کر دیں گے، ایرانی پاسداران انقلاب کی دھمکی

تاثیر 21  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

تہران،21فروری:ایران اور اسرائیل کے درمیان دھمکیوں کی نئی لہر سامنے آ رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے مشیرِ اعلیٰ ابراہیم جباری نے باور کرایا ہے کہ تل ابیب کو تباہ اور اسرائیل کو ملیامیٹ کرنے کے لیے “سچا وعدہ 3″ آپریشن کا فیصلہ کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے۔جباری کا یہ بیان جمعرات کے روز ایرانی پاسداران انقلاب اور اس کے زیر انتظام باسیج فورس کی مشقوں کے دوران سامنے آیا۔ یہ مشقیں ایران کے صوبے جنوبی خراسان کے شہر پیرچند میں ہو رہی ہیں۔جباری نے مزید کہا کہ لبنان، عراق اور فلسطین میں مزاحمتی محاذ تیاری کی اعلی ترین سطح پر ہیں”۔
جباری نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ” ٹرمپ کچھ بھی کرنے سے قاصر ہیں، اگر انھوں نے ایران پر حملے کا سوچا تو یاد رکھیں کہ خطے میں ان کے تمام فوجی اڈوں اور جنگی بحری جہازوں کو ایرانی عوام کے غضب کی آگ جلا ڈالے گی … اور مزاحمتی محاذ میدان میں اتر آئے گا”۔اس سے قبل ایرانی پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل امیر علی حاجی زادہ 18 فروری کو یہ کہہ چکے ہیں کہ “(سچا وعدہ 3) کارروائی حتمی طور پر ہو گی”۔ایران نے گذشتہ برس اپریل میں اسرائیل پر کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کو “سچا وعدہ” کا نام دیا تھا۔بدھ کی شام ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی مسلح افواج اعلی ترین درجے پر مستعد اور تیار ہیں۔ باقری نے دھمکی دی تھی کہ “اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو صہیونی وجود اور اس کی کارروائیوں کو سپورٹ کرنے والوں کا امن خطرے میں پڑ جائے گا”۔