تلنگانہ اورآندھرامیں پراسراروائرس، صحت مند مرغیاں اچانک فوت، پولٹری صنعت بحران کا شکار؟

تاثیر 06  فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد۔6 ، فروری :تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے علاوہ گوداوری، کھمم اور نظام آباد اضلاع میں ایک پراسرار وائرس پولٹری صنعت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ صحت مند نظر آنے والی مرغیاں اچانک مر رہی ہیں، جس سے پولٹری فارمز کے مالکان میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ عام طور پر مرغیوں کی اموات کسی حد تک معمول کی بات ہوتی ہے، لیکن ہزاروں کی تعداد میں مرغیوں کا مرنا فارمز کے مالکان کے لیے باعثِ پریشانی بن گیاہے۔مشترکہ مغربی گوداوری ضلع میں پولٹری فارمز کے قریب مرنے والی مرغیاں بڑی تعداد میں دیکھی جا رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، کچھ فارمز میں روزانہ تقریباً 10,000 مرغیاں مر رہی ہیں۔تاہم، ان اموات کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ اس اچانک بحران کے باعث انڈوں کی برآمدات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ عام طور پر یہاں سے روزانہ 40 سے زائد ٹرکوں میں انڈے مغربی بنگال اور آسام بھیجے جاتے تھے، لیکن اب یہ تعداد گھٹ کر صرف 25 ٹرک رہ گئی ہے۔اگر یہی صورتحال جاری رہی تو یہ تعداد سنگل ڈیجٹ تک گرنے کا خدشہ ہے۔عام طور پر پولٹری فارمز میں روزانہ 0.05 فیصد تک مرغیوں کی اموات معمول کا حصہ ہوتی ہیں۔اگر کسی فارم میں 100,000 مرغیاں ہوں، تو ان میں سے روزانہ 20 سے 50 مرغیاں مرنا کوئی غیرمعمولی بات نہیں۔ لیکن حالیہ دنوں میں صورتحال بالکل مختلف ہو چکی ہے۔